اسحاق ڈار

اسحاق ڈار کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

تہران (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی اورصدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ منگل کو تہران میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے ایران کے صدر کی حلف برداری کی تقریب کے عشائیے میں شرکت کی۔

ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صدر پیزشکیان کی متحرک قیادت میں ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے نائب وزیر اعظم کا حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم اور صدر پاکستان کی نیک خواہشات کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنی حکومت کے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے عزم پر زور دیا۔ عشائیہ کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الکمن اور تاجکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر رستم امام علی سے بھی بات چیت کی۔
٭٭