سینیٹر محمد اسحاق ڈار 51

اسحاق ڈار مغربی ایشیا کی صورتحال پر چین کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو، خطے کی بدلتی صورتحال بارے تبادلہ خیال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہوں نے آج مغربی ایشیا کی صورتحال پر چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعے کو سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ”ایکس” پر اپنے بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جنگ بندی، امن مذاکرات کی بحالی، غیر جنگجو افراد (شہریوں )کے تحفظ، بحری گزرگاہوں کی سلامتی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی مکمل پاسداری کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ تمام تنازعات کا حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں