اریج فاطمہ 22

اریج فاطمہ نے پہلی طلاق اور دوسری شادی سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اہم انکشافات کر دئیے

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے پہلی طلاق اور دوسری شادی سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اہم انکشافات کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ اریج فاطمہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران پہلی بار اپنی طلاق اور دوسری شادی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

اپنے پہلے نکاح کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اریج فاطمہ نے کہاکہ میں کسی کی غیر موجودگی میں بات نہیں کرتی، لیکن چونکہ آپ نے پوچھا ہے تو اتنا بتا سکتی ہوں کہ میری رخصتی نہیں ہوئی تھی صرف نکاح ہوا تھا وہ بھی گھر کے بزرگوں کی مرضی سے طے پایا تھا۔انہوں نے کہا کہ میرے سابقہ شوہر کے بزرگ میرے دادا کے جاننے والے تھے اور پاکستان میں ہمارے براہ راست روابط نہیں تھے، اس لیے مکمل تحقیق ممکن نہیں ہو سکی، منگنی ہوئی اور اگلے ہی دن نکاح ہو گیا تاہم ایک ماہ بعد یہ رشتہ ختم ہو گیا تھا، میری رخصتی نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں سابقہ شوہر کیلئے نیک خواہشات رکھتی ہوں، اللہ انہیں خوش رکھے،

میں نے اس بارے میں کبھی کچھ شیئر نہیں کیا، البتہ انٹرنیٹ پر مختلف باتیں گردش کرتی رہیں، میری شادی جنوری2014 میں ہوئی تھی اور فروری یا مارچ میں ختم ہو گئی تھی، اس وقت میری عمر 24برس تھی۔دوسری شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اریج فاطمہ نے بتایا کہ پہلی طلاق کے 3سال بعد میری دوسری شادی ہوئی، عزیر کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ مجھے جانتے بھی نہیں تھے، وہ کافی ریزرو طبیعت کے انسان ہیں، بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میری اپنے شوہر سے ملاقات اتفاقیہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مجھے یونیورسٹی میں ایک ہم نام شخص سے ملنا تھا، اس لیے میں نے انہیں پیغام بھیجا،

وہ سوشل میڈیا پر میری کزن کی فرینڈ لسٹ میں بھی موجود تھے، تو ہماری بات شروع ہو گئی۔انہوںنے بتایاکہ عزیر نے کبھی مجھے باقاعدہ پروپوز نہیں کیا، بس یہ پوچھا کہ اگر کوئی کسی کو پسند کرے تو کیا طریقہ کار ہے؟ جس پر میں نے کہا کہ والدین کو گھر بھیجنا چاہیے، میں نے بھی ایک دیسی خاتون کی طرح انہیں قائل کیا اور یوں ہماری شادی ہو گئی۔اس کے علاوہ دوبارہ اداکاری شروع کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں دیگر اسلامی ممالک کی طرح خواتین کو حجاب میں دکھایا جائے تو ضرور کروں گی لیکن اداکاری کے لیے حجاب کو نہیں چھوڑوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں