بیونس آئرس(رپورٹنگ آن لائن)ارجنٹینا کے صدر ہاویئر مائیلی پر انتخابی مہم کے دوران مظاہرین نے پتھرا ئوکردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت بیونس آئرس کے قریب صدر پر انتخابی مہم کے دوران بدعنوانی کے اسکینڈل کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پتھرائو کیا۔بگڑتی صورتحال کے بعد صدر ہاویئر مائیلی کو موقع سے روانہ کردیا گیا جبکہ ان کے قافلے پر حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ہاویئر مائیلی اکتوبر میں ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم چلا رہے تھے.
اس موقع پر وہ ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے گاڑی میں سوار تھے، اسی دوران مظاہرین نے ان کی گاڑی پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں۔اس تمام صورتحال کے دوران صدر اور ان کی بہن سمیت دیگر اہلکار فورا ہی گاڑی میں وہاں سے روانہ ہوگئے۔اس صورتحال کے بعد صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، اس دوران ایک خاتون زخمی ہوئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔









