کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز کے اداکار ثاقب ثمیر نے اپنی زندگی کے سب سے خوفناک تجربے کا انکشاف کردیا۔ ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار ثاقب ثمیر نے بتایا کہ وہ ایک ایسی لڑکی کی مدد کر چکے ہیں جس پر جنات تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ان کی زندگی کا سب سے خوفناک لمحہ تھا جس کو وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔
اداکار نے بتایا کہ وہ ایک گھر میں کرائے پر رہتے تھے جہاں ساتھ ہی کے ایک گھر میں دو لڑکیاں رہتی تھیں جن سے ان کی چھت پر ملاقات ہوئی وہ ساتھ وقت گزارنے لگے اور ان کی دوستی ہوگئی۔ ثاقب کے مطابق ایک دن چھت پر باتوں کے دوران ان لڑکیوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک پر جنات کا سایہ ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں کیونکہ وہ جن کبھی بھی آجاتا ہے اور انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ اکیلی رہتی ہیں۔
اداکار نے ان کی مدد کرنے کا ارادہ کیا اور انہیں کہا کہ اب کبھی جب ایسا ہو تو انہیں مدد کیلئے بلا لیں۔ ثاقب ثمیر نے بتایا کہ ایک دن جب اس لڑکی پر جن آیا اور اسے دورے پڑنے لگے تو انہوں نے مدد طلب کی تاہم میں نے ان کے گھر جانا مناسب نہیں سمجھا کہ لوگ باتیں بنائیں گے بلکہ انہیں اپنے گھر بلا لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب اس لڑکی پر جنات نمودار ہوئے تو اس کے سارے بال اس کے چہرے پر بکھر گئے اور وہ عجیب آوازیں نکالنے لگی تب وہ بہت ڈر گئے اور دل ہی دل میں سورہ الناس پڑھنا شروع کردی، تاہم وہ تب حیران رہ گئے جب اس جن نے ان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ پڑھنا بند کرو۔
ثاقب ثمیر کا کہنا تھا کہ وہ لمحہ ان کے لئے سب سے خوفناک لمحہ تھا کیونکہ وہ تو دل ہی دل میں تلاوت کر رہے تھے مگر اس جن کو معلوم ہوگیا اور اس نے انہیں پڑھنے سے روک دیا تب وہ کپکپانے لگ گئے تاہم پھر بھی ان لڑکیوں کی مدد کی۔