احسن اقبال 47

اجتماعی شادیوں کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے’احسن اقبال

نارووال ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اجتماعی شادیوں کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع نارووال میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر 101نو بیاہتا جوڑوں کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے دھی رانی پروگرام کے تحت 2لاکھ فی کس کے حساب سے سلامی پیش کی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ میں آج کے اس پر مسرت دن پر نئے شادی شدہ جوڑوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے۔

دھی رانی پروگرام نے بیٹیوں کی عزت و احترام سے شادی کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔نبی کریمۖنے فرمایا کی جس نے 2 بیٹیوں کی اچھی پرورش کی اس نے اپنے لئے جنت حاصل کر لی،بیٹیاں باعث رحمت ہوتی ہیں،ہمیں اپنی بیٹیوں کو تعلیم و تربیت میں اپنے بیٹوں کی طرح کے مواقع مہیا کرنے چاہئیں۔آج کی تقریب کا یہ حسن ہے کہ آج ہمارے درمیان ہمارے مسیحی بیٹے اور بیٹیاں بھی موجود ہیں۔آج بہت سارے لوگ ہمارے درمیان مذہب اور لسانیت کی بنیاد پر تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستان کی ترقی میں دیگر مسائل کی طرح آبادی میں بڑھوتری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے،اس لئے جسمانی اور ذہنی طور پر کند ذہن بچوں کی فوج کی بجائے صحت مند،قابل اور محنتی بچوں کی ضرورت ہے۔

اس لئے بچے اتنے ہی پیدا کریں کہ جن کی غذائی اور تعلیمی ضروریات کو آپ بقدر احسن پورا کرسکیں۔عوامی فلاح کے اس پروگرام کی کامیابی پر میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر نئے شادی شدہ جوڑوں کے بہتر ازدواجی زندگی کے لئے اجتماعی دعا بھی کروائی گئی۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے نارووال میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلی پنجاب کے دل کے انتہائی قریب ہے۔دھی رانی پروگرام تمام مذاہب کی بیٹیوں کے لئے ہے۔وزیراعلی پنجاب کے اس پروگرام کے تحت پنجاب کی ہزاروں بیٹیوں کے گھر آباد ہو رہے ہیں۔

آج تک سوشل سیکٹر کی ویلفیئر کے لئے سوشل ویلفیئر نے اس طرز کے پروگرام نہیں کیے تھے۔نادار والدین کے لئے دھی رانی پروگرام کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ماضی میں ریاست مدینہ کا نعرہ تو لگایا گیا مگران کے دور میں عوامی فلاح کا کوئی خاطر خواہ منصوبہ پیش نہیں کیا گیامعذور افراد کو ہمت کارڈ،اسسٹو ڈیوائسز،دھی رانی پروگرامز جیسے فلاحی پروگرام وزیراعلی پنجاب کے عوام دوست ویژن کی بابت ممکن ہوئے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کے ہمراہ نوبیاہتا جوڑوں میں دھی رانی پروگرام کے تحت مہیا کی جانے والی سلامی کے اے۔ٹی۔ایم کارڈ تقسیم کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں