لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے احسان اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہو کہ ابھیشیک شرما کو تین گیندوں پر آؤٹ کردوں گا۔
ایک انٹرویومیں سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں یہ مسائل ہیں کہ ابھیشیک شرما کو تین گیندوں پر یا چھ گیندوں پر آؤٹ کردوں گا، آپ کا یہ بات کرنے کا مقصد ہی نہیں بنتا بے شک آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہو۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نہیں کہہ سکتے کہ میں بول کر ایڈم گلکرسٹ کو آؤٹ کردوں گا، میں بول کر تین گیندوں پر میتھیو ہیڈن کو آؤٹ کردوں گا۔
تنویر احمد نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا، کیا پتا آپ اس کے سامنے آؤ اور وہ مار مار کر آپ کا برا حال کردے، مجھے ہنسی آتی ہے کہ یہ کیسی کیسی باتیں کرتے ہیں۔سابق کرکٹر نے کہا کہ میں دنیا کا جتنا بڑا بھی سپر اسٹار ہے اسے چیلنج کرتا ہوں کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں اسے بول کر آؤٹ کردوں گا۔میزبان نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ احسان اللہ کو ابھیشیک شرما کی کوئی کمزوری دکھائی دیتی ہو اس لیے انہوں نے ایسا کہا۔
جواب میں تنویر احمد نے کہا کہ کمزوری ہر کسی بڑے یا چھوٹے کھلاڑی میں ہوتی ہے لیکن آپ اس کے لیے یہ الفاظ استعمال نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فاسٹ بولر احسان اللہ نے کہا تھا کہ ابھیشیک شرما کا سامنا ہوا تو میں اسے تین گیندوں میں آؤٹ کردوں گا۔