کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ آپ ۖکی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔
نبی مہربان صہ سے عشق و محبت اور عقیدت کا تقاضہ ہے کہ سنت رسول پر مکمل عمل اور نظام مصطفٰی ۖکے نفاذ کے لیے جدوجہد کی جائے۔ مہنگائی بیروزگاری اور امن و امان کی خراب صورتحال نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں پیغام سیرتِ النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس سے امیر ضلع سرور احمد قریشی، نائب امیر راشد مکرم، مقامی امیر فیصل ہمایوں اور عدنان ظفر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپنے نبی سے عشق کا دعویٰ کرنے والوں کوگریبان میں جھانک کراپنا جائزہ لینا چاہئے کہ وہ اس پر کتنا عمل کر رہے ہیں۔ ہمیں خود اور معاشرے کو تبدیل کرنے کے لیے آپۖ کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانا ہے۔ہمارا اپنے پیارے نبی سے ایمان محبت اور اطاعت کے حوالے سے بڑا گہرا تعلق ہے۔
آپ کی محبت کا تقاضہ ہے کہ اس کی سیرت پر عمل اطاعت و پیغام کو عام کیا جائے۔پاکستان بنا ہی اسلامی نظام کے قیام کے لے تھا۔ مہنگائی بیروزگاری و بدامنی سمیت مسائل سے نجات اور ملک کو صحیح سمت پر چلانے کے لیے نظام مصطفٰی کا نفاذ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ صحابہ کے دور میں اطاعت رسول و فرمانبرداری نمبر ون تھا، آج بھی ہمیں اسی جذبہ کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی ظلم کے نظام کے خاتمے اور حق کے غلبے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔امیر ضلع سرور احمد قریشی نے کہاکہ آپ ۖ سے ہر چیز سے بڑہ کر محبت و عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ 14 سو سالوں سے عاشقان رسول سے اپنے آقا سے محبت کم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ابوجہل سے لیکر مغربی دنیا اس چیز سے پریشان ہے۔
کمزور ایمان کا مسلمان بھی باقی سب کچھ برداشت کرسکتا ہے مگر آپ کی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ محبت کا اصل تقاضہ اس کے مشن و پیغام کو آگے لیکر چلنا ہے۔آپ کی سب سی بڑی سنت اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کا نفاذ ہے۔ جس کے لیے جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس موقع پر شہری تاجر اتحاد کے صدر محمد اسلم شیخ، نائب امیر ضلع مفتی نورمحمد جونو، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور ظفر اقبال بھی موجود تھے۔