ممبئی (رپورٹنگ آن لائن) بھارت میں کورونا کی بدترین صورت حال کے باعث آکسیجن اور دیگر طبی آلات کی شدید قلت ہے اور ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے پر شدید دبا ہے، ایسے میں شوبز اور کھیل سے تعلق رکھنے والی اہم بھارتی شخصیات کی جانب سے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے بھی ٹوئٹر پر طبی عملے کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں انوشکا کا کہنا تھا کہ ہم اپنی صحت کا خیال کرنے والے اور کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، آپ لوگوں کی لگن بہت ہی متاثر کن ہے، آپ قوم کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔انوشکا کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگ میرے، ویرات کے اور پوری قوم کے اصل ہیرو ہیں، ایک بار پھر آپ لوگوں کا شکریہ۔









