لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پاک آرمی کی جانب سے” آپریشن بنیان مرصوص ” کے آغاز پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ، آج ہماری بہادر افواج نے دشمن کو دکھا دیا ہے کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کے لئے یک جان ہیں ، دشمن کی ہر سازش اور ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں ۔’
‘ آپریشن بنیان مرصوص ”کے نتیجے میں بھارت کی سرسہ ایئر فیلڈ،بٹھنڈہ ایئر فیلڈ،سورت گڑھ ایئر فیلڈ ،اڑی فیلڈ سپلائی،آدم پور ایئر فیلڈ میں s-400 ایئر ڈیفنس سسٹم، راجوڑی ملٹری انٹیلی جنس تربیتی مرکز، ایل او سی پر ربتانوالی پوسٹ،ڈنہ پوسٹ،خواجہ بھیک کمپلیکس، رنگ کنٹوئر بالمقابل سنکھ سمیت درجنوں ٹھکانوں کو تباہ کیا ہے ۔مودی حکومت کو یہ پیغام ہے کہ ہم سو نہیں رہے ۔ پاکستان اور اس کے عوام کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کئی دنوں سے پاکستان کے اوپر جارحیت کرتا چلا آرہا ہے ۔اس نے پاکستان کے اوپر مزائل اٹیک کئے ، ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا ، مساجد کو تباہ کیا اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا ہے ۔بھارت نے اس جارحیت کی پہل کی ہے ، اب اختتام ہم کریں گے ۔ پور ی قوم اپنی افواج کی پشت پر کھڑی ہے ۔ اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ہم کسی کو بھی اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
بھارت نے پاکستان پر بغیر شواہد کے الزامات عائد کئے ہیں اشتعال انگیزی پھیلا کر خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے پہلگام واقعہ کا ذمہ دار خود بھارت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کے وقت میں قومیں متحد ہو جایا کرتی ہیںاور وہ سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہیں ، الحمد اللہ اس آپریشن کا نام بھی قرآن پاک کی آیت مبارکہ سے بنیان مرصوص رکھا گیا ہے ۔ یعنی ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔
بھارت نے پاکستان پر اس جنگ کو مسلط کیا ہے اور پاکستان کو پوری دنیا کے اندر کارنر کرنے کی سازشیں کیں۔اب اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے کہ پاکستانی عوام دشمن کے مقابلے کے لئے متحد ہو جائے ۔زلی دشمن کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے ۔سمجھوتہ ایکسپریس ،جعفر ایکسپریس پہلگام واقعہ کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیں۔ محمدجاوید قصوری نے پاکستانی سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے بعد پوری قوم اپنے سائنس دانوں کی شکر گزار ہے جن کی انتھک محنت سے آج پاکستان نا قابل تسخیر بن چکا ہے ۔
ڈاکٹر عبد القدیر کے لئے بھی دعائیں ہیں جنھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ۔آج ملک کے دفاع کے لئے ملک کا ایک ایک شہری ، ایک ایک بچہ جہادی جذبوں سے سرشار ہے ۔بھارت کا طویل باڈر پنجاب کے ساتھ لگتا ہے ، اگر بھارت نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اہل پنجاب اپنی فوج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کریں گے ۔