مفتاح اسماعیل

آنے والے مہینوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی‘ شرح سود پر اضافہ نجی صنعت کے گلے پر پھندہ ہے،مفتاح اسماعیل

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ شرح سود بڑھانے سے حکومت کا خرچہ چار سو ارب روپے بڑھے گا‘بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہوتا ہے‘ آنے والے مہینوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی‘ شرح سود پر اضافہ نجی صنعت کے گلے پر پھندہ ہے۔

پیر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ فیصد شرح سود بڑھانے سے حکومت کا خرچہ چار سو ارب روپے بڑھے گا‘ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس کا شرح سود سے کوئی تعلق نہیں۔ مہنگائی کم کرنے کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات درست نہیں۔ مہنگائی میں اضافے کی وجہ حکومتی پالیسیاں ہیں۔

انہوںنے کہا کہ حکومتی وزراءکہتے ہیں پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی کچھ روپے کی قدر میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ حکومت نے انٹرسٹ ریٹ بڑھا کر حکومتی خرچہ بڑھایا ہے اور بنکوں کو پانچ سو ارب روپے کا تحفہ دیا ہے۔ اس سے دوبارہ عمران خان ری سیشن آئے گا۔ مہنگائی کی وجہ سے کنزیومر انڈیکس 9فیصد بڑھ رہا ہے ایک سال میں ہول سیل انڈیکس میں 21فیصد اضافہ ہوا۔

آنے والے مہینوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مزید مشکلات آئیں گی شرح سود پر اضافہ نجی صنعت کے گلے پر پھندہ ہے۔ اشیاءخوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ جتنی مہنگائی عمران خان کی حکومت میں آئی اس کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے۔ عمران خان کی پالیسیوں پر کسی کو اعتماد نہیں۔

یہ حکومت خود ایمنسٹی کے خلاف تھی اپنے لوگوںکو نوازنے کے لئے دو مرتبہ ایمنسٹی دی۔ عمران خان حکومت نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا وہاں تباہی مچائی غربت‘ بے روزگاری بڑھ گئی ہے۔ شرح سود بڑھنے سے بنکوں کو منافع اور حکومتی معیشت کو نقصان ہوگا۔ عمران خان تقریر اچھی کرسکتے ہیں معیشت اچھی طرح نہیں چلا سکتے۔ ملک کو گیس فراہم کریں بحث نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں اور صنعتوںکو گیس فراہم کی جائے۔