گورنر پنجاب

’آل اپوزیشن ’مائنس ‘ ہوچکی، ان کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے،گورنر پنجاب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ احتجاج کی دھمکیوں سے عمران خان خوفزدہ ہونے والے لیڈر نہیں ہیں، وہ وزیراعظم ہیں اور2023تک وزیراعظم رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب کچھی سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا ۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان حالیہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ آل اپوزیشن ”مائنس “ہوچکی ہے ان کا اب کوئی مستقبل نہیں، ملک میں کر پشن کا دور واپس آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پہلی بار ملک میں شفافیت اور میرٹ کے مطابق فیصلے ہورہے ہیں۔

’وزیراعظم عمران خان ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لے جانا چاہتی ہے، سیاسی مخالفین صبر کے ساتھ 2023کے انتخابات کا انتظار کریں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تحر یک انصاف عوامی امنگوں کے مطابق کام کررہی ہے۔