آصف علی زرداری

آصف علی زرداری کی پارٹی پنجاب کارکنوں کو متحد رہنے کی اپیل

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی پنجاب کے کارکنوں کو متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے امید دلائی ہے کہ کارکن متحد رہیں، پنجاب میں اچھا وقت آنیوالا ہے۔

گزشتہ روز پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ اور سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم مقدمات سے نہیں ڈرتے، ہم نے پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے موجودہ حکمرانوں کو ٹڈی دل حملے سے قبل ہی آگاہ کردیا تھا لیکن اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کو کوئی تدبر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی میں ہم کسانوں اور مزدوروں کو برے حالات میں سپورٹ کیا۔ مگر حکومت 18 ویں ترمیم کے ایشو پر ملک کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ہم حکومت کی ہر ایسی کوشش کو ناکام بنادیں گے جو ملک کے لئے نقصان دہ ہوگی۔ گفتگو میں پنجاب کی موجودہ صورتحال اور کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے میں حکومت کی ناکامی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے دو سیلابوں کا سامنا کیا مگر سیلابوں میں بھی خوراک کی کمی نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت نے ان حالات میں بھی کچھ نہ کیا تو اس کے نتائج خطرناک ہونگے۔ ہم نے گندم کو ایکسپورٹ کیا مگر یہ درآمد کر رہے ہیں۔ آج ملک میں خوراک کی شدید قلت ہے۔

موجودہ حکمران ہر چیز توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ حکمران بحرانوں کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔ انہیں کوئی سیاسی ادراک نہیں ہے۔

ٹڈی دل سے جو نقصان ہوگا وہ کئی برسوں تک پورا نہیں ہوگا۔ موجودہ حکمران کسی آئین، تہذیب اور تمدن کو نہیں مانتے۔