کراچی (رپورٹنگ آن لائن) معروف اداکارہ فائزہ حسن نے انڈسٹری میں نئے آنے والے اداکاروں کو اہم مشورہ دے دیا۔فائزہ حسن نے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اداکاروں کے رویوں اور موجودہ ڈرامہ انڈسٹری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ فائزہ حسن نے زور دیا کہ اداکاروں کو سیٹ پر ایک خاص ضابطہ اخلاق اپنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو نظم و ضبط میں رہنا چاہیے، زیادہ تر اداکار اچھے رویے کے مالک ہوتے ہیں لیکن انہیں سیٹ پر سیلفیز لینے، غیر ضروری باتوں میں مشغول ہونے اور دوسروں کو نیچا دکھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ یہ رویے پروفیشنل ماحول کے خلاف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل انڈسٹری ایک منظم شعبہ بن چکی ہے اور پروڈکشن کوالٹی میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اداکار کام سے زیادہ پیسہ اور شہرت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔