سپیکر پنجاب اسمبلی 85

آج بھی اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں ‘ اسپیکر ملک محمد احمد خاں

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے،آج بھی اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں تاہم موجودہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی بجٹ مختص کیا ہے اور تعلیم کا بجٹ 17 ارب روپے سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر ملک محمد احمد خاں نے ملتان میں ایک نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ء میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں 97 فیصد بچے زیرِ تعلیم ہیں لیکن سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اخراجات میں واضح فرق موجود ہے، جس کے باعث سرکاری اداروں کے طلبہ کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات میں اضافہ کرنے اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور نجی تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ تعلیمی مساوات کے فروغ کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ حاصل کی گئی تعلیم کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کانووکیشن میں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور اسناد تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں