دبئی (رپورٹنگ آن لائن)آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم اور صائم ایوب کی ترقی ہوگئی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم، صائم ایوب اور ابرار احمد کی ترقی جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔
ٹی 20 بیٹرز رینکنگ میں اوپنر صاحبزادہ فرحان 763 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر برقرار ہیں، بابر ایک درجہ ترقی کرکے 31ویں جبکہ صائم دو درجے بہتری کے بعد 35ویں نمبر پر آگئے ہیں۔پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 41ویں نمبر پر برقرار ہیں۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان دو درجے گر کر 494 پوائنٹس کے ساتھ 61 ویں نمبر پر ہیں۔ اوپنر فخر زمان تین درجے تنزلی کے ساتھ 69 ویں، مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز ایک درجے تنزلی کے ساتھ 84 ویں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث تین درجے تنزلی کے ساتھ 390 پوائنٹس کے ساتھ 95 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ہندوستان کے ابھیشیک شرما ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، اس کے بعد انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے نمبر پر ہیں، جب کہ ایک اور بھارتی بیٹر تلک ورما تیسرے نمبر پر ہیں۔بولرز کی رینکنگ میں اسپنر ابرار احمد نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے مشترکہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، اس وقت سری لنکا کے وینندو ہاسرنگا کے پاس تیسرے نمبر پر ہیں۔
بھارت کے ورون چکرورتی پہلے نمبر پر ہیں، افغانستان کے راشد خان کا دوسرا نمبر ہے۔اسپنر محمد نواز دو درجے تنزلی کے ساتھ 15 ویں نمبر پر ہیں جبکہ فاسٹ بولر سلمان مرزا 618 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے 18 ویں نمبر پر ہیں۔شاہین شاہ آفریدی 24ویں نمبر پر برقرار ہیں، اسپنر سفیان مقیم ایک درجے بہتری کے ساتھ 33ویں، صائم ایوب ایک درجے بہتری کے ساتھ 54ویں اور حارث رؤف ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 57ویں نمبر پر ہیں۔فاسٹ بولر عباس آفریدی اور فہیم اشرف بالترتیب دو اور تین درجے ترقی کر کے 74ویں اور 76ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔









