محمد جاوید قصوری 41

آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ نے حکمرانوں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیرجماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کی اقتصادی حالت اور حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے،

رپورٹ کے مطابق، ملک میں افراط زر کی شرح 6.3 فیصد جبکہ اقتصادی ترقی صرف 3.2 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے،اسی رپورٹ میں بے روزگاری کی شرح میں معمولی کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے جو 7.5 فیصد تک متوقع ہے، مگر یہ اعداد و شمار بھی معاشی کمزوری اور روزگار کے مواقع نہ ملنے کی کہانی سناتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار عوام کی حقیقی حالت زار کی عکاسی کرتے ہیں اور ان سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کی دعوے بازی اور عوامی بیانات حقیقت سے کتنے دور ہیں۔ اگر حکومت واقعی عوام کی فلاح چاہتی ہے تو مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے، نچلے طبقہ کو ریلیف دینے، اور روزگارکے متبادل مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔

جاوید قصوری نے کہا کہ 3.2 فیصد جی ڈی پی گروتھ تباہ شدہ معیشت کے لیے ناکافی ہے۔ خاص طور پر جب کرپٹ حکمران مسلط ہوں اور ان کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہو۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حقائق کو تسلیم کر کے اپنی پالیسیاں تبدیل کرے، تاکہ مہنگائی و بے روزگاری کے اس بحران کا جلد از جلد مؤثر حل تلاش کیا جاسکے۔ عوامی سطح پر مہنگائی، کم نمو اور روزگار کی کمی نے معاشی مشکلات کو عوام کے لیے مزید سنگین بنا دیا ہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام تبھی حقیقی بن سکتا ہے جب عوام کے معیارِ زندگی کی بحالی ممکن ہو اور گمراہ کن حکومتی اعداد و شمار سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کی جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں