کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہر مسلمان کو قرآنِ مجید کی تعلیمات اور نبی کریم ۖ کی سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہتان تراشی اور منفی پروپیگنڈے پر سخت گرفت ہوگی۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں 1500ویں جشنِ ولادتِ رسول ۖ کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ اس عظیم دن کو قومی سطح پر شایانِ شان طریقے سے منایا جا سکے۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں جشنِ عید میلاد النبی ۖ کی محافل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مفتی محمد عامر نے سیرتِ طیبہ ۖ پر روشنی ڈالی جبکہ معروف نعت خواں خاور نقشبندی اور دیگر نے بارگاہِ رسالت مآب ۖ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔محفل میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائمخانی، ارکان سندھ اسمبلی، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروق، معروف اینکر وسیم بادامی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول دئیے گئے ہیں اور لاکھوں افراد اب تک گورنر ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم ۖ کے امتی ہیں، آپ ۖ تمام جہانوں کے لئے رحمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے دن اللہ تعالیٰ نے انہیں گورنر سندھ کے منصب پر فائز کیا، اور ہر صاحبِ اختیار کو اپنے اختیار کا حساب اللہ تعالیٰ کو دینا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاکھوں نوجوان مفت آئی ٹی کورسز سے مستفید ہو رہے ہیں، مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں اور یہ تمام اقدامات بغیر کسی سرکاری فنڈ کے کئے جا رہے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے ہر وہ نعت خواں پسند ہے جو عشقِ رسولۖ میں کلام پیش کرتا ہے۔ آخر میں انہوں نے پوری امت مسلمہ کو جشنِ عید میلاد النبی ۖ کی مبارک باد دی۔









