جوڈیشل الاؤنس

ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنا پر نمٹادی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں گرفتار ملزم شمشاد کی درخواستِ ضمانت واپس لینے کی بنا پر نمٹادی ۔جسٹس فاروق حیدراورجسٹس محمد طارق ندیم پرمشتمل دو رکنی بینچ نے منشیات کے ملزم شمشاد کی درخواست ضمانت پرسماعت کی، ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون سدرہ خان ،ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل عبدالصمد کے ہمراہ پیش ہوئیں۔

جسٹس فاروق حیدر نے ایس پی سے استفسار کیا کہ دیکھا ہے آپ نے یہ معاملہ؟ ملزم جس دن جیل سے رہا ہوا، اسی دن دوبارہ گرفتار کرکے نیا مقدمہ بنا دیا گیا؟ ۔ایس پی نے رپورٹ پیش کی، جس میں کہا گیاکہ ملزم شمشاد کے خلاف منشیات کا مقدمہ غلط انداز میں درج کیا گیا اور تفتیش کی تبدیلی کیلئے بورڈ کوسفارش بھی کی گئی ہے اور تھانہ اقبال ٹائون کے سب انسپکٹر عامررفیق کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

جسٹس فاروق حیدرنے وکیل صفائی سے کہا کہ ایس پی انویسٹی گیشن نے ایمانداری سے ذمہ داری نبھائی، اپنے محکمے کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔اگر یہ ثابت ہوا کہ ملزم کے خلاف منشیات پلانٹ کی گئی تو عدالت خود ضمانت منظور کرے گی۔جس نے غلط کیا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وکیل صفائی نے استدعا کی کہ درخواست کو التواء میں رکھا جائے تاہم عدالت نے کہا کہ جب تبدیلی تفتیش کے بعد آپ کے موقف میں بہتری آئے، تو نئی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پرنمٹا دی۔