ہمایوں اختر خان 21

نوجوانوںکو آئی ٹی ،ہنر کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کرنے کے منصوبے شروع کئے جائیں’ ہمایوں اختر

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو آئی ٹی اور ہنر کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے شہروں اور دیہاتوں کی تفریق کے بغیر منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے ،ہم نے ترقی کاجو منشور پیش کیا تھا اپنی استعداد کے مطابق اس پر عمل پیرا ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے طویل دورے کے دوران کسانوں، نوجوانوں اور علاقہ عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقاتوں میں حلقے کی حالت زار میں بہتری لانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کی رہائشگاہوں پر بھی گئے اور اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ہم نے خدمت کی سیاست کو متعارف کرایا ہے ، حلقے کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، ان کی غمی خوشی میں شامل ہونا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ میں نے اور میرے ساتھیوں نے حلقے کے دیرینہ مسائل کیلئے انتہائی کم وقت میں جتنا کام کیا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں اور آپ سب اس کے گواہ ہیں ، ان شااللہ ہمارے اس عزم اور ولولے میں آئندہ بھی کمی نہیں آئے گی ۔ہم کسان کی بھی آواز بنے ہیں ، حلقے میں سوئی گیس کی فراہمی اورشاہراہوں کی تعمیر کے لئے متعلقہ وزراء سے نتیجہ خیز ملاقاتیں کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں