محمد جاوید قصوری

حکومت عوام کو ضروریات زندگی فراہم کرنے کیلئے ریلیف پیکیج دینے کا اعلان کرے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعتِ اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور عام آدمی روز مرہ کے بنیادی اخراجات بھی برداشت نہیں کر پا رہا.

حالیہ سرکاری اعداد و شمار اور رپورٹس واضح کرتی ہیں کہ ملکی صورتِ حال حکومت وقت کے تمام تر دعووں سے کہیں زیادہ بدتر ہے، خوردنی اشیائے خوردونوش، بجلی و ایندھن اور روزگار کے مواقع کی کمی نے متوسط طبقے اور غریب خاندانوں پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ فوری بنیادوں پر موثرریلیف پیکج تیار کیا جائے جس میں آٹا، چینی، گیس اور بجلی کی سبسڈی، ہنگامی غذائی سکیم اور عام لوگوں کے لیے نوکریاں پیدا کرنے کے منصوبے شامل ہوں۔

حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے غریب گھرانوں کو مالی طور پر تباہ کر دیا ہے ،فوری طور پر مخصوص کم قیمت خوردنی پیکجز، چھوٹے تاجروں کو قرضے اور کسانوں کے لیے امدادی اقدامات متعارف کرائے جائیں تاکہ سپلائی چین بحال ہو اور قیمتیں کنٹرول ہوں۔ ملک پہلے ہی سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران اور گورننس کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔حکمرانوں کی مفاد پرستانہ پالیسیوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

جب تک ڈرائنگ روم کی سیاست ہوتی رہے گی ملک و قوم کو درپیش مسائل حل نہیں ہونگے ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مفاد میں عملی جدوجہد کر رہی ہے، جماعت اسلامی کا تین روزہ اجتماع عام پاکستان کے مایوس عوام کے لئے امید کی کرن ثابت ہو گا۔ ہم نظام کو بدلنے کا نعرے لگاتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ فرسودہ نظام اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ اس کے متبادل کے طور پر اسلامی طرز زندگی کو اختیار کرکے مشکلات کا ازالہ ممکن ہے ۔