بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)حال ہی میں کچھ یورپی ممالک کی جانب سے چینی ٹیلی کام کمپنیوں کے معیاری اور محفوظ آلات کو زبردستی ہٹایا گیا ہے ۔اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جئین نے رسمی پریس کانفرنس میں کہا کہ چینی کمپنیاں طویل عرصے سے یورپ میں قوانین اور ضوابط کے مطابق کام کرتے ہوئے، یورپی عوام کو معیاری مصنوعات اور خدمات فراہم کر رہی ہیں اور مقامی معاشی و سماجی ترقی اور روزگار میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی قانونی بنیاد اور حقیقی ثبوتوں کے، انتظامی اقدامات کے ذریعے کمپنیوں کی مارکیٹ میں شرکت کو زبردستی محدود کرنا ،حتیٰ کہ ان پر پابندی لگانا، مارکیٹ کے اصولوں اور منصفانہ مقابلے کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
لن جئین نے کہا کہ حقائق سے ثابت ہوا ہے کہ کچھ ممالک کی جانب سے چینی ٹیلی کام کمپنیوں کے معیاری اور محفوظ آلات کو زبردستی ہٹانے سے نہ صرف ان کی اپنی تکنیکی ترقی کے عمل میں تاخیر ہوئی ہے، بلکہ معاشی نقصان بھی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور تجارتی معاملوں کو غیر ضروری طور پر سیکیورٹی کا مسئلہ بنانا اور انہیں سیاسی رنگ دینا، تکنیکی ترقی اور معاشی نمو میں رکاوٹ پیدا کرے گا.
جو دوسروں کا نقصان کرنے کے ساتھ ساتھ خود اپنے لئے بھی فائدہ مند نہیں۔انہوں نے کہا کہ چین یورپی یونین پر زور دیتا ہے کہ وہ چینی کمپنیوں کو منصفانہ، شفاف اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے، اور یورپ میں سرمایہ کاری کے اعتماد کو مجروح ہونے سے بچائے۔