سندھ ہائیکورٹ 42

کھلے گٹر میں بچوں کے گرنے کے واقعات ،عدالت نے وکیل کو آئند ہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے کھلے گٹر میں بچوں کے گرنے اور ایمرجنسی صورت حال میں کارکردگی سے متعلق دائر درخواست پر وکیل درخواستگزار کو آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں کھلے گٹر میں بچوں کے گرنے اور ایمرجنسی صورت حال میں کارکردگی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شہر کے تمام بلدیاتی اداروں سے کھلے مین ہولز کی تفصیلات طلب کی جائیں۔ برساتی نالوں، گندے نالوں، شہریوں کیلیے خطرے والی جگہوں کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں۔ تمام اداروں کو شہریوں کیلیے مربوط حفاظتی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی جائے جو ہنگامی صورتحال میں کام آئے۔ متاثرہ شہریوں اور ان کے اہلخانہ کو زرتلافی ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت سانحہ نیپا کے زمہ داران کی معطلی، برطرفی، انکوائری کے متعلق بھی ہدایات جاری کرے۔

غفلت کا مظاہرہ کرنے والے محکموں اور افسران کے خلاف تادیبی کارروائی، اقدامات اور پالیسیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی جائے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ گلشن اقبال میں 3 سالہ ابراہیم کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ترقیاتی منصوبوں میں حفاظتی انتظامات کے کون سے ریگولیشن لاگو ہوتے ہیں؟

عدالت نے وکیل درخواستگزار کو آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔درخواست میں ہوم سیکریٹری سندھ، میئر کراچی، ایم ڈی کراچی واٹر کارپوریشن، چیئرمین گلشنِ اقبال ٹان کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں