کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کا قیام عوام سے ایک وعدہ تھا کہ اس ملک کے عام انسان کو بھی عزت اور اختیار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے شہیدوں، کارکنوں اور قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس وطن کی جمہوریت کو اپنے خون سے سینچا، آج کا دن صرف ایک جماعت کی سالگرہ نہیں، ایک جدوجہد کی یاد ہے جس نے ملک میں جمہوری روایات کو زندہ رکھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب وجود میں آئی تو یہ محض سیاسی جماعت نہیں تھی، ایک نیا رجحان تھی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت سے شروع ہونے والا یہ سفر بے نظیر بھٹو کی شہادتوں سے گزر کر آج بھی قائم ہے۔
پیپلز پارٹی نے قدم قدم پر اپنی قیادت اور اپنے کارکنوں کا خون دے کر اس ملک میں ووٹ کی حرمت، شہری آزادیوں اور پارلیمانی نظام کو بچایا۔جمہوریت کے جس چراغ کو بارہا بجھایا گیا، اسے پیپلز پارٹی نے ہی اپنے زخموں کی تپش سے دوبارہ روشن کیا۔ پیپلزپارٹی کے علاوہ ملکی تاریخ میں کوئی اور جماعت نہیں جس نے اپنی قیادت کو مقتل جاتے دیکھا ہو۔ جمہوریت، آئین، وفاق اور عوامی حقِ رائے دہی کے لیے جو قربانیاں پیپلز پارٹی نے دی ہیں، وہ تاریخ میں لازوال ہیں۔









