فیصل آباد، لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے عوام کی خدمت کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں اور ہر چیز کا علاج صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے اور بھیک مانگنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے ،پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں،پنجاب اور پنجابی کیخلاف بات آئی تو مریم نواز چھوڑے گی نہیں۔
نہروں پر اعتراض ہوا چپ رہی، حالانکہ پنجاب نے پانی چوری نہیں کرنا تھا، اپنے حصے کا پانی استعمال کرنا تھا، اپنے پانی سے چولستان کی زمین کو آباد کرنا تھا، میرا پانی، میرا پیسا ہے ، آپ کو کیا تکلیف ہے ۔ فیصل آباد میں الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ پنجاب اگر اپنے حق کیلئے لڑے تو دوسروں کو کیا مسئلہ ہے ، پنجاب اگر اپنے حصے کی نہریں نکالناچاہے تو دوسروں کا کیا تکلیف ہے ۔ اب سیلاب متاثرین کی مدد پر اعتراض ہو رہا ہے.
اگر آپ سندھ میں کوئی کام کریں تو مجھے خوشی ہوتی ہے لیکن کچھ کرلو نا، پنجاب میں میٹرو بنی، اورنج لائن اور موٹروے بنیں، سڑکوں کا جال بچھایا، اس پر آپ کو کیا اعتراض ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ پنجاب تو کسی دوسرے صوبے کو نہیں کہتا کہ اپنا حق نہ لو اور نہ پنجاب نے کبھی کسی کے معاملات میں مداخلت کی لہذا ہمیں مشورہ نہ دیں اور اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں،مخالفین آج ایک دوسرے کو جوتے مار رہے ہیں، دنیا نے پگڑیاں اچھالنے والوں کاحال دیکھ لیا ۔
مجھ پر تنقید کی گئی تو کچھ نہیں کہوں گی مگر پنجاب یاپنجابی پر بات کریں گے ، اس کی ترقی پر بات کریں گے اور اس کے حق کے خلاف بات کریں گے تو مریم نواز آپ کو چھوڑے گی نہیں، پنجاب اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی میں چاروں صوبوں کو ایک جیسے پیسے ملتے ہیں، آپ پیسے کہاں لگاتے ہیں، بھیک مانگنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے ، ہر چیز کا علاج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے ۔پنجاب اپنے عوام کو یورپ جیسی ٹرانسپورٹ فراہم کر رہا ہے.
الیکٹرک بسیں چھوٹے شہروں اور بڑے شہروں میں لائیں گے ، میں اپنے شہریوں پر بوجھ نہیں ڈالتی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ صرف بیس روپے ہے ،فیصل آباد ڈویژن کیلئے 150 الیکٹرک بسیں لائی ہوں، چند ہفتوں میں فیصل آباد میں میٹرو کی تعمیر شروع ہو جائے گی، وہ وقت دور نہیں جب فیصل آباد لاہور سے زیادہ ترقی یافتہ شہر ہو گا،فیصل آباد کو 90، جھنگ کو 30 ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سندھ کو 15، 15 بسیں دی جارہی ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ جب نواز شریف پر سخت وقت آیا تو تمام رہنما سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے تھے ، رانا ثنا اللہ پر منشیات کا بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا،گرفتاری اور جیل جانے پر رانا ثنا نے کہا تھا کہ اگر میں نواز شریف کے ساتھ سو فیصد کھڑا تھا تو آج ہزار فیصد کھڑا ہوں۔
ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے پیچھے نواز شریف اور شہبازشریف کا نام تاریخ میں لکھا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 120 ارب روپے کی ٹریک لیس ٹرین، میٹرو بس منصوبے کا چند ہفتوں میں سنگ بنیاد اور الائیڈ ہسپتال میں کینسر کے علاج کی جدید مشین جلد فراہم کرنے اورنوازشریف آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے بعد فیصل آباد آئی ٹی سٹی کے قیام،40 ارب روپے کی لاگت سے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سسٹم کا جلد افتتاح کرنے کااعلان کیا۔









