محمد جاوید قصوری

سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم کا منظور ہونا قابل مذمت ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم کا دو تہائی اکثریت سے منظور ہونا شدید قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم ملک میں سیاسی انتشار، ادارہ جاتی عدم توازن اور مفاداتی سیاست کو مزید تقویت دے گی.

ایسے فیصلے ملک اور آئین کو کمزور کرتے ہیں اور عوام کے درمیان بے چینی، مایوسی اور بداعتمادی کو بڑھاتے ہیں، اسلام میں کسی بھی شخص کے لئے کوئی استثنیٰ کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے مراکز اپنے مفادات کی خاطر آئین میں بار بار تبدیلیاں کرتے رہے تو ملک میں انارکی بڑھے گی اور جمہوری عمل کمزور ہوگا۔ پاکستان پہلے ہی سیاسی بحران، معاشی ابتری اور گورننس کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں متنازعہ ترمیمات کرنا عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ایک اور کوشش ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ آئین ریاست کا بنیادی معاہدہ ہے اور اسے ذاتی یا گروہی فائدے کے لیے استعمال کرنا قومی المیہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتیں، حکمران طبقات اور مقتدر حلقے ہوش کے ناخن لیں اور ملک کو ایسے راستے پر نہ دھکیلیں جہاں عوام کا ریاست پر اعتماد مزید متزلزل ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئین کی بالادستی، شفاف جمہوریت اور حقیقی عوامی نمائندگی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

چند مفاد پرستوں نے پورے نظام کو ہی یرغمال بنا رکھا ہے ، جب تک ان سے نجات حاصل نہیں ہوگی پاکستان ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں خوشحالی ممکن ہے ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہم پاکستان کے 25کروڑ عوام کے ساتھ ملک کر مفاداتی سیاست کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور ملک کو ایک باوقار، مستحکم اور اصولی ریاست بنانے کے لیے اپنی کاوشیوں کو جاری رکھیں گے۔