لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پلے گرائونڈ نہ رکھنے والے سکولوں کو رجسٹریشن جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، بغیر پلے گرائونڈز کے سکول چلانے والوں کی فہرست بھی طلب کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ کرلیا، پلے گرائونڈ نہ رکنے والے سکولوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی، رجسٹریشن کیلئے پلے گرائونڈ کی سہولت فراہم کرنا لازم قرار دے دیاگیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے بغیر پلے گرائونڈ چلنے والے سرکاری وپرائیویٹ سکولوں کی فہرستیں جمع کرنا شروع کردی ہیں ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر کی تمام ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹیز کو تین روز میں پلے گرانڈ نہ رکھنے والے سکولوں کی مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کاکہناہیکہ سکولوں میں بچوں کو صحتمندانہ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔









