اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ دفاع اورگورننس کومضبوط کرنا 27ویں آئینی ترمیم کے بنیادی مقاصد ہیں، عوام کی استفادہ کیلئے گورننس اورخدمات میں بہتری لانا ضروری ہے۔ منگل کوقومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم پربحث کے دوران بلال اظہرکیانی نے کہاکہ جی الیون میں ڈسٹرکٹ کورٹ کے گیٹ پرخودکش حملہ کی خبرہے جس میں 4لوگ جاں بحق اورکئی زخمی ہیں، اس واقعہ سے واضح ہے کہ ہم حالت جنگ میں ہے اورہماری افواج، پولیس اورسیکورٹی ادارے ملک کیلئے لڑرہے ہیں اورشہادتیں بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جوجنگ ہم جیتے ہیں وہ ہم پرمسلط کی گئی تھی،ملک بھرمیں مسلح افواج لڑرہی ہے اورقربانیاں بھی دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ دفاع اورگورننس کومضبوط کرنا 27ویں آئینی ترمیم کے بنیادی مقاصد ہیں،یہ بات خوش آئند ہے کہ آرٹیکل 243میں ترمیم پرکسی نے تنقید نہیں کی ہے۔انہوں نے کہاکہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ترامیم پرتفصیلی بحث ہوئی ہمیں خوشی ہوتی کہ اپوزیشن کے اراکین اس میں شامل ہوتے مگربدقسمتی سے وہ لوگ ٹی وی چینلوں پرتو جا بیٹھتیہیں مگرمتعلقہ فورمز پرنہیں آتے، جب قومی سلامتی پراجلاس ہوتا ہے تواپوزیشن لیڈراس میں شرکت نہیں کرتے،آئینی عدالت میثاق جمہوریت کاحصہ رہاہے.
ایک سال کے تجربہ کے بعدپارلیمانی طریقہ کارکے مطابق آئینی عدالت کے قیام کافیصلہ کیاگیا، سپریم کورٹ کے 15فیصدکیسز آئینی نوعیت کے ہوتے ہیں تاہم وہ 50فیصدوقت لیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی شان ہے کہ اسدقیصر ہمیں جمہوریت اورآئین کادرس دے رہے ہیں، یہ وہی سپیکرتھا جس نے اسمبلی کوتحلیل کرنے کی راہ ہموارکی۔بلال اظہرکیانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کودہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کاساتھ دینا چاہئے،اسی طرح اپوزیشن کوکمیٹیوں میں بیٹھ کراپناکرداراداکرنا چاہئے۔
وزیرمملکت نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی ضروری تھی، مستقبل میں این ایف سی کوصوبائی مالیاتی ایوارڈ کے ساتھ جوڑنا چاہئے، اسی طرح بلدیاتی اداروں اوران کی مدت کوتحفظ ملنا چاہئے،عوام کی استفادہ کیلئے ورننس اورخدمات میں بہتری لانا ضروری ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اتحادیوں اوراپوزیشن کے ساتھ مل کرملک کی بہتری کیلئے کام کیا جائے۔