لاہور ہائی کورٹ 3

حسان نیازی کی ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے خلاف درخواست چیف جسٹس کو ارسال

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے نو مئی کے کیسز میں گرفتار بانی پاکستان تحریک انصاف کے بھانجے حسان نیازی کی ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے خلاف کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کو ارسال کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد طارق ندیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے حسان نیازی کے والد کی جانب سے دائر کردہ سابقہ رِٹ پٹیشن کی کاپی درخواست کے ساتھ لف کی ہے؟۔وکیل صفائی نے جواب دیا کہ جی، سابقہ رٹ کی کاپی منسلک ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ کیس پہلے جسٹس سلطان تنویر احمد نے سنا تھا جو اس وقت پرنسپل سیٹ پر موجود ہیںلہٰذابہتر ہوگا کہ اسی عدالت کو دوبارہ یہ کیس بھیجا جائے۔عدالت نے اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا مزید کہا کہ آج آپ کو دلائل دئیے بغیر ہی جانا پڑے گا.

ہم فائل چیف جسٹس کے پاس بھجوا رہے ہیں تاکہ مناسب بنچ کے سامنے سماعت مقرر کی جا سکے۔بعد ازاں عدالت نے حسان نیازی کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کو ارسال کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں