کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی رپورٹ بھی مسترد کرتے ہوئے کراچی بھر کے رفاہی پلاٹوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر کے کھیل کے میدان اور پارکس کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے۔
بدھ کو سپریم کورٹ رجسٹری میں تجاوزات کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی رپورٹ بھی مسترد کرتے ہوئے کراچی بھر کے رفاہی پلاٹوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ شہر بھر کے کھیل کے میدان اور پارکس کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے۔ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضی وہاب نےعدالت کوبتایا کہ کے ایم سی کی 9ہزار500 دکانیں انتہائی کم قیمت پرکرائے پر دی گئی ہیں۔
ہاکس بے پر کے ایم سی کے ہٹس بھی انتہائی کم کرائے پر دیے گئے تھے۔ عدالت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو تمام دکانوں کی مکمل تفصیلات پیش کرنے اور گٹر باغیچہ پارک سے فوری قبضہ ختم کرکے پارک اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ بظاہر سندھ حکومت اور انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں۔سندھ میں کرپشن انتظامی شکل اختیار کرچکی ہےاورکرپشن کے خاتمے کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔عدالت نے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔