ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ میں کرونا وائرس وبائی مرض کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے بگڑ سکتی ہے ، ٹرمپ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس وبائی مرض کی صورتحال شاید بہتر ہونے سے پہلے ہی خراب ہوجائے گی ۔ٹرمپ نے تقریبا تین ماہ کے عرصہ کے دوران وائٹ ہاس میں عالمی وبائی مرض کے حوالے سے اپنی پہلی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہوسکتا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے سے پہلے ہی بدتر ہوجائے ، میں ایسی چیزوں کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں کرتا لیکن صورتحال وہی ہے جو وہ بتا رہا ہوں ۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس حوالے سے ہمارے ملک کے کچھ علاقے بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن بعض علاقوں کی کارگزاری اتنی اچھی نہیں ہے ، ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے فلوریڈا میں صورتحال تھوڑی سی خراب ہے یا یہ کہ وہاں حالات بہت مشکل ہیں ۔

جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں 38 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ، جن میں اموات کی تعدا د ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد ہے جبکہ دوسری جانب فلوریڈا سمیت کچھ ریاستوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔اگرچہ ٹرمپ نے بریفنگ دیتے وقت ماسک نہیں پہنا تھا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ماسک پہننا کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ماسک پہنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چاہے آپ کو ماسک پہننا پسند ہو یا نہیں تاہم اس کا اثر ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا اثر ہوتا ہوگا اور یہ کہ ہمیں ہر اس چیز کی ضرورت ہے جوکہ ہماری دسترس میں ہو۔ ٹرمپ کا کہنا تھا ہم سب کوبتا رہے ہیں کہ جب آپ کے لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا مشکل ہو توماسک خرید کر پہنیں ۔