شاہ محمود قریشی

یوم مہاجرین کا دن امن اور تنازعات کے حل کی اہمیت کی سالانہ یاد دہانی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ یوم مہاجرین کا دن امن اور تنازعات کے حل کی اہمیت کی سالانہ یاد دہانی ہے،

رواں سال کورونا کے تباہ کن اثرات نے تشدد اور تنازعات کے باعث پہلے ہی بے گھر ہونے والوں کی کمزوریوں کو بڑھا دیا ہے۔مہاجرین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یوم مہاجرین کا دن امن اور تنازعات کے حل کی اہمیت کی سالانہ یاد دہانی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جو لاکھوں افراد کو گھروں سے جبری طور پر بے گھر کرنے کی بنیادی وجوہات ہیں، اس سال کورونا کے تباہ کن اثرات نے تشدد اور تنازعات کے باعث پہلے ہی بے گھر ہونے والوں کی کمزوریوں کو بڑھا دیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ گذشتہ چالیس سالوں میں پاکستانی عوام نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں مثالی فراخدلی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کوویڈ ـ19 کے دوران ہماری صحت اور دیگر خدمات بغیر کسی امتیاز کے افغان مہاجرین استعمال کر رہی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے دسمبر 2019 میں جنیوا میں پہلے گلوبل ریفیوجی فورم کا مشترکہ اجلاس کیا، فروری 2020 میں پاکستان نے اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی افغان مہاجرین کانفرنس کی میزبانی کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کانفرنس کا مقصد ملک میں 40 سالہ افغان مہاجرین کی موجودگی اور انکے مسائل کا حل تلاش کیا جائے،وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان دنیا بھر میں مہاجرین کے لئے یو این ایچ سی آر کے قابل ستائش کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔