یاسر حسین

یاسر حسین نے ماہرہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل ظاہر کر دیا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) معروف اداکار، رائٹر اور ہدایت کار یاسر حسین نے حال ہی میں ماہرہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے عام نوعیت کا قرار دے دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اس واقعے پر ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ کوئٹہ میں پاکستان لٹریچر فیسٹول کے دوران جو کچھ ماہرہ خان کے ساتھ ہوا وہ اتنی بڑی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے ایسا دنیا میں ہر جگہ ہوتا ہے، یہ ایک عام رویہ ہے۔ وہاں 10 ہزار لوگ موجود تھے جو صرف ماہرہ خان کو دیکھنے کے لیے آئے تھے ان میں سے اگر کسی ایک نے ان پر بوتل پھینک دی تو کیا ہوا، اس عمل سے پورے شہر کو جج نہیں کیا جاسکتا۔

یاسرکے مطابق لاہور اور کراچی کے شہری معروف شخصیات کو مالز اور ریستوران میں عام دیکھ لیتے ہیں لیکن کوئٹہ میں ایسا نہیں ہوتا۔انہوں نے کوئٹہ میں ایسے پروگرامز کے مزید انعقا پر زور دیا اور کہا کہ کوئٹہ ہمارے ملک کا ایک خوبصورت شہر ہے وہاں اس طرح کے پروگرامز اور ہونے چاہیئں۔