احمد پورشرقیہ (رپورٹنگ آن لائن) ٹی ایچ کیو احمد پورشرقیہ کے سینئرڈاکٹر محمد ارسلان خان لاشاری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احمد پورشرقیہ میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے،
یہ بیماری بہت ہی خطرناک ہے لیکن اگر بروقت اسکی ویکسین نہ کرائی گئی تو یہ بیماری مزید بڑھنے کا خطرہ ہے، یہ بیماری خطرناک ضرور ہے لیکن قابل علاج ہے، ٹی ایچ کیو میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کی سکریننگ کی جارہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر جن لوگوں کے ٹیسٹ پی سی آر کیلئے ہیں انکے بلڈ سیمپل لے کر لاہور گورنمنٹ لیبارٹری میں بھیج دیتے ہیں، ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر انکو گورنمنٹ کی طرف سے مفت ادویات دی جارہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب پر انہوں نے بتایا ہے کہ دراصل یہ جگر کی سوزش کی بیماری ہے یہ ان چیزوں سے زیادہ پھیلتا ہے کہ ایک ہی سرنج مختلف لوگوں میں باربار استعمال ہونا ،بغیر ٹیسٹ کیا ایک شخص سے دوسرے مریض کو خون لگانے سے، سرجری اور دانتوں میں استعمال ہونے والے اوزاروں سے اگر جراثیم کش نہ ہوں وغیرہ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ نئی سرنج کا استعمال کریں، بیوٹیشن اور حجاموں سے ہمیشہ جراثیم سے محفوظ اوزار استعمال کروائیں اور اس بیماری کی تشخیص ہونے پر پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں قائم شدہ ہیپاٹائٹس کلینکس سے علاج کروائیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈاکٹر چوہدری محمد شرجیل کے علاوہ عطاء المحسن بھٹی،ملک فیاض سنڈھل اور محمد یونس فریدی صاحب بھی موجود تھے۔