لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا گیا، جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی۔ دیہی علاقوں میں4 سے5 گھنٹے اور شہروں میں 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بجلی کی طلب 4500 میگاواٹ سے تجاوزکرگئی ، لیسکو کے پاس کوٹےمیں 600 میگاواٹ کمی ہو گئی۔ لیسکوحکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قلت نہیں سسٹم کا ایشو آرہا ہے، لوڈشیڈنگ کاشیڈول آئندہ دنوں میں جاری کیاجائے گا۔ خیال رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ سندھ اور پنجاب میں گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی۔ این ڈی ایم کا کہنا تھا کہ 15 سے 30 مئی کے درمیان درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ جون میں 45 سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔