لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور گلوکارہ شبنم مجید نے کہا ہے کہ کامیابی اور ناکامی ، خوشی اور غم انسانی زندگی کا حصہ ہیں ، میرا ایمان ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے اس لئے انسان کو ثابت قدم رہنا چاہیے ۔
ایک انٹر ویو میں شبنم مجید نے کہا کہ کبھی بھی رب کی ذات سے شکوہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ جس قدر ہو سکے اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔ میری زندگی کا مشاہدہ ہے کہ انسان کسی بھی حال میں خوش نہیں ہوتا لیکن اگر وہ اپنے سے نیچے لوگوں کو دیکھے تو اسے ضرور اطمینان آجا نا چاہیے ۔
شبنم مجید نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فلم انڈسٹری پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور موسیقی کا شعبہ بھی اس سے جڑے ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ۔ امید ہے کہ بہت جلد اس وباء کا خاتمہ ہوگا اور ہمارے معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے۔