ہمایوں اختر خان

کرپشن ،لوٹ مار کے میوزیکل چیئرکے کھیل نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ماضی میں کرپشن اور لوٹ مار کے میوزیکل چیئرکے کھیل نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ، سیاسی مخالفین بھی موجودہ حکومت پر کرپشن کے حوالے سے انگلی نہیں اٹھا سکتے ،

وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے ملاقات کےلئے آنے والے پارٹی رہنماﺅں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کےلئے دستیاب وسائل سے بڑھ کر خرچ کر رہی ہے اور پسے ہوئے طبقات پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ان کا سہارا بنیں گے۔

اپوزیشن مشکل حالات میں منفی سیاست کی دیگ چولہے پر چڑھانے کی بجائے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کرے ۔

عوام با شعور ہو چکے ہیں وہ حکومت کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی سر گرمیوں پربھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور جو بھی ملک و قوم کے مفاد کے خلاف جائے گا وقت آنے پر اس کا محاسبہ بھی کریں گے۔

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپنے سیاسی مفادات کو کبھی آڑے نہیں دیا بلکہ کئی مواقعوں پر غیر معمولی اور غیر مقبول فیصلے بھی کئے جس کی وجہ سے عمران خان کواپنے ملک اور عوام سے بے پناہ محبت ہونا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو مافیاز کے پنجوں سے آزاد کرانے کے لئے پر عزم ہیں اور کرپشن کا کاروبار رکنے سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی معنوں میں خوشحالی اور آسودگی آئے گی