یاسمین راشد

ڈاکٹرز اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کوروناوائرس کے مریضوں کی دن رات خدمت کررہے ہیں’یاسمین راشد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں کورونا وائرس کے مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسزاورپیرامیڈیکل سٹاف میں تعریفی اسنادتقسیم کیں۔

اس موقع پرپرنسپل پروفیسرڈاکٹرمحمودایاز، ایم ایس سروسزہسپتال ڈاکٹرافتخار اورتمام فیکلٹی ممبران موجودتھے۔پرنسپل سمز پروفیسرڈاکٹرمحمودایازنے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکارہنمائی کرنے اورڈاکٹرزکی حوصلہ افزائی پرشکریہ اداکیا۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک کوروناوائرس کی شکل میں ایک مشکل صورتحال سے گزررہاہے۔

اللہ پاک نے ہمیں عوام کی پہلے سے زیادہ خدمت کرنے کاموقع دیاہے۔ ڈاکٹرزکوخدمت انسانیت کے باعث مسیحاکادرجہ دیاجاتاہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کوروناوائرس کے مریضوں کی خدمت کیلئے فرنٹ لائن پرفرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسزاورپیرامیڈیکل سٹاف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ڈاکٹرز اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کوروناوائرس کے مریضوں کی دن رات خدمت کررہے ہیں۔

ڈاکٹرزکے ساتھ مشکل حالات میں دکھی انسانیت کیلئے آسانیاں پیداکرنے والے متعلقہ ادارے بھی شاباش کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کوروناوائرس کی صورتحال کاخودجائزہ لے رہے ہیں۔ کوروناوائرس نے پوری دنیاکواپنی لپیٹ میں لیا۔عوام کوکوروناوائرس سے بچاؤکیلئے ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمدکرنے کی باربارہدایت کررہے ہیں۔ ہمیں بطورقوم کوروناوائرس کے خلاف جنگ کوجیتناہوگا۔

صوبائی وزیر نے تمام ڈاکٹرز، نرسزاورپیرامیڈیکل سٹاف کی کاوش کوسراہنے کیلئے تقریب کے انعقادپرپرنسپل پروفیسرڈاکٹرمحمودایازکی کاوش کوبھی بے حدسراہا۔