لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ڈی ایچ کیوہسپتال ضلع اٹک کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیرصحت نے ڈی ایچ کیوہسپتال میں طبی سہولیات کاجائزہ لیااورمریضوں کی عیادت کی۔
اس موقع پرڈی سی ضلع اٹک، ایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال ودیگرفیکلٹی ممبران موجودتھے۔صوبائی وزیرصحت نے مدراینڈچائلڈہسپتال اٹک کی سائٹ کادورہ کرکے تعمیراتی کام کاجائزہ بھی لیا۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے ڈپٹی کمشنرآفس میں پریس کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹرزکی دن رات کی محنت سے آج پنجاب میں کوروناوائرس کے کیسزمیں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔
کوروناوائرس کوشکست دے کر صحتیاب ہونے والوں کی تعدادوائرس سے متاثر ہونے والوں سے کہیں زیادہ ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کابہترین علاج جاری ہے۔ محکمہ صحت نے لاہورمیں کوروناوائرس کاگڑھ ہونے کے باوجودوائرس پرقابوپایا۔ پنجاب میں احتیاطی تدابیراپنانے اورسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث حالات بہت بہترہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گیارہ جون کولاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کاشکارگیارہ سوچھ مریضوں کووینٹی لیٹرزکی ضرورت تھی۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ضلع اٹک میں بھی کوروناوائرس کے کیسزمیں مسلسل کمی سامنے آرہی ہے۔
کوروناوائرس پرقابو پانے کے حوالہ سے محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ نے بھی دن رات محنت کی۔ عیدالفطرکے موقع پربے احتیاطی سے کوروناوائرس کے کیسزمیں بے انتہاء اضافہ ہوا۔صوبائی وزیر صحت نے عوام کوعیدالاضحی انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پرماسک کے استعمال اورسماجی فاصلوں کے ذریعے کوروناوائرس کومزیدپھیلنے سے روکاجاسکتاہے۔
وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ ضلع اٹک میں دوسوبستروں پرمشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتال بنایاجارہاہے۔ حکومت ماں اوربچہ کی صحت کویقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیراجمل بھٹی بھی تعمیراتی کام کاجائزہ لینے ہمراہ آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کوصحت کے شعبہ میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کامینڈیٹ پوراکررہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ گذشتہ حکومتیں کئی ہسپتالوں کے ڈھانچے کھڑے کرکے رفوچکرہوگئیں۔ عوام کوپُل اورسڑکیں نہیں بنیادی ضروریات زندگی چاہئیں۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارکی ہدایت پرخودمدراینڈچائلڈہسپتالوں کے تعمیراتی کام کی نگرانی کررہی ہوں۔ صوبہ میں پانچ مدراینڈچائلڈہسپتال گیم چینجرثابت ہوں گے۔