ٹرمپ

چین کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا آپشن موجود ہے، امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ چین کے ساتھ اقتصادی روابط سمیت ہرطرح کے تعلقات مکمل طور پرختم کرنے کا آپشن موجود ہے۔

امریکی انتظامیہ کے پاس چین سے تمام روابط ختم کرنے کا اختیار ہے اور ہم یہ اختیار کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں امریکی صدر نے کہا کہ چین کے حوالے سے ان کی حکومت کے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں۔

متعدد حالات میں چین کے ساتھ ہرطرح کے روابط ختم کرسکتے ہیں۔انہوں نے اپنی حکومت کے چین کیساتھ تجارتی امور کے نگران رابرٹ لائیتھائزر کے اعتراضات کا جواب دیا۔

لائی تھائزر نے چین اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی جنگ کے دوران دونوں ملکوں کی درمیان مذاکرات کی قیادت کی تھی۔

لائیتھائزر نے کانگرس کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین اختلافات کم کرنے کے لیے معاہدے کی شرائط کا پابند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں بڑی معاشی طاقتوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند سال قبل تو امریکا کے لیے چین سے ہرطرح کے تعلقات ختم کرنا ممکن تھا مگر موجودہ حالات میں ایسا کرنا غیر منطقی ہوگا۔