بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے چونگ نان ہائی میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک مختصر ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پر سکون ماحول میں مشترکہ تشویش کے اسٹریٹجک امور پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔
جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے یہ نشاندہی کی کہ چین اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانے، عالمی نظم و نسق کی درست سمت میں رہنمائی کرنے،بین الاقوامی عدل و انصاف کے تحفظ اور عالمی امن اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے روس اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
پیوٹن نے کہا کہ کوئی طاقت چین کی ترقی کو روک نہیں سکتی۔ روس بین الاقوامی عدل و انصاف کو فروغ دینے اور زیادہ مساوی اور کثیر قطبی دنیا کے قیام کے لیے چین اور دیگر “گلوبل ساؤتھ” ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ یوکرین کے بحران کا بنیادی حل ایک متوازن، موثر اور پائیدار نئے سیکورٹی ڈھانچہ کی تعمیر ہے۔ چین یوکرینی مسئلے کے جلد سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ پیوٹن نے کہا کہ روس یوکرین کے معاملے پر چین کے معروضی، منصفانہ اور متوازن موقف کو سراہتا ہے اور یوکرینی مسئلے کے سیاسی حل میں چین کا اہم اور تعمیری کردار ادا کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
روس یوکرین مسئلے کو سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، اخلاص کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہے، اور اس سلسلے میں چین کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھے گا۔