پیرس(رپورٹنگ آن لائن)پیرس کا ایفل ٹاور، جو فرانس کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقامات میں سے ایک ہے، سیاحوں کے لیے اگلے ہفتے دوبارہ کھل جائے گا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دوسری جنگِ عظیم کے بعد سب سے لمبے عرصے کے لیے بند رہنے کے بعد اب ٹورازم کے اہلکاروں کا منصوبہ ہے کہ شروع میں محدود لوگوں کو ٹاور پر جانے دیا جائے گا۔اسے دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کو صرف پہلی اور دوسری منزل پر جانے کی اجازت ہو گی، اور پہلے مرحلے میں لفٹیں بھی بند رہیں گی۔لوگوں کے چلنے پھرنے کی جگہوں کو ہر دو گھنٹوں کے بعد صاف کیا جائے گا، اور 11 سال سے اوپر سب آنے والوں کے لیے ماسک پہننا ضروری ہو گا۔
امکان ہے کہ یہ 25 جون کو مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ایفل ٹاور کو دیکھنے ہر سال عموماً 70 لاکھ کے قریب لوگ آتے ہیں، لیکن مارچ میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد فرانس کی سیاحت کی صنعت کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔