شاہ رخ

پٹھان کی باکس آفس پر شاندار کامیابی سدھارتھ آنند فلم کا سیکوئل بنانے کیلئے تیار

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)فلم پٹھان کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد ہدایتکار سدھارتھ آنند فلم کا سیکوئل بنانے کیلئے تیار ہوگئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم پٹھان کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا ایک تحفے جیسا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ہدایتکار کی طرح میرا بھی خواب تھا کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں۔انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم کو حاصل کرنا میرے لئے ایک سفر تھا جوکہ اس وقت مکمل ہوا جب مجھے شاہ رخ خان کیلئے ہدایتکاری کرنے کا تحفہ ملا۔سدھارتھ آنند نے کہا کہ ایمانداری سے بات کی جائے تو فلم پٹھان کے بارے میں جیسا ماحول بنا ہوا تھا اس کی وجہ سے پچھلے کچھ مہینوں کے دوران تھوڑے ذہنی دبائو کا شکار رہا۔

اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ پٹھان آئی اور ہٹ ہوگئی، اب اس کے بعد کیا نیا کرنے کا ارادہ ہے؟۔اس سے پہلے کہ ہدایتکار صحافی کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کا جواب دیتے تقریب میں موجود شرکا نے بلند آواز میں فلم پٹھان کا سیکوئل بنانے کی فرمائش کردی۔سدھارتھ آنند نے شرکا کی اس پر زور فرمائش پر کہاکہ انشااللہ یعنی اگر اللہ نے چاہا تو ضرور بنائیں گے۔