چغتائی لیب

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے چغتائی لیب کو سیرولوجیکل ٹیسٹ کرنے سے روک دیا

لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے چغتائی لیب کوکووڈ19کے سیرولوجیکل ٹیسٹ کرنے سے فی الفور روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق کمیشن کی ٹیم نے جون کے آخری ہفتہ میں دو دفعہ چغتائی لیب کی انسپیکشن کی اور ہدایات کے برعکس کووڈ19کے سیرولوجیکل ٹیسٹ کر تے ہوئے پایا،جو کہ کنسلٹینٹس کے نسخوں کے بغیر کیے جارہے تھے۔

لیب کی انتظامیہ کو اس طرح ٹیسٹ کرنے سے منع کیا گیا مگر اس ہدایت پر عدم عملدرآمد کی صورت میں کووڈ19کے سیرولوجیکل ٹیسٹ کرنے پر فی الفورپابندی عائد کر کے کمیشن کے روبرو پیش ہونے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

واضح رہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبہ بھرکی تمام لیبارٹریوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ سیرولوجیکل (اِلائزا) ٹیسٹ صرف کنسلٹینٹ کے نسخہ پر ہی کیا جائے گا اورلیب اس کا ریکارڈبھی محفوظ رکھے گی اور بوقتِ ضرورت کمیشن کو پیش کرنے کی پابند ہے۔