لاہور(سیاسی رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب کی جامعات میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ پڑھائے جانے کا فیصلہ تاریخی اقدام ہے ۔
اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ پڑھائے جانے کا فیصلہ نئی نسل کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور تمام جامعات کے وائس چانسلرز اس فیصلے پرخراج تحسین کے مستحق ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قرآن پاک تمام قدیم و جدید مسائل کا حل اور ہدایت کا سرچشمہ ہے،بزدار حکومت کا یہ تاریخی فیصلہ نئی نسل کی کردار سازی میں ممد و معاون ثابت ہو گا کیونکہ قرآن پاک کے مفہوم کو عربی میں سمجھنا ہمارے لیے مشکل ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان ہماری نئی نسل کو پاکستان کے مستقبل کا حقیقی معمار سمجھتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی تمام پالیسیوں میں نوجوان طبقے کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔