اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)گزشتہ مہینے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ پر ہر طرح کے مواد تک رسائی کیلئے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) سافٹ ویئر استعمال کرنے والے صارفین کو رجسٹریشن کیلئے 30 جون تک مہلت دی گئی تھی، تاہم اب اس مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کاروباری اداروں اور عام افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وی پی این ایس رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا گیا ہے،اب صارفین 31 جولائی تک رجسٹریشن کراسکیں گے۔
بیان میں انٹرنیٹ صارفین کو تجویز دی گئی کہ وہ اپنے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر سے 31 جولائی تک وی پی این کی رجسٹریشن کروالیں، متعلقہ معلومات کے لیے ای میل ایڈریس ipreport@pta.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔