مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لہٰذا ایک دن میں چائے کے دو سے زیادہ کپ نہیں پینے چاہئیں اور کولڈڈرنک سے اجتناب کرنا چاہیے۔معروف پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر احمد بلال نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کو اپنا کر نہ صرف بیماریوں پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہیلتھ بجٹ میں50فیصد کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ افراد کو کم از کم دن میں 20 منٹ سیر کی عادت کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو 24گھنٹے میں دس ہزار قدم چلنا چاہیے تاکہ ان کی صحت بہتر رہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نارمل بلڈ پریشر 120 اور 80 سے کم ہوتا ہے جبکہ ہمار ے ہاں اسے 120 اور 80 تصور کیا جاتا ہے جوکہ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جلدی اٹھنے اور جلدی سونے کی عادت کو اپنا کر اپنے امور پوری توانائیوں کے ساتھ صحت کے اصولوں کے مطابق سر انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر فرد کیلئے ایک چائے کا چمچ نمک جوکہ چمچ کی سطح کے برابر ہو پورے دن کیلئے کافی ہے تاہم نمک کے زیادہ استعمال سے صحت کے جملہ مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 8بجے تک ناشتہ کر لینا چاہیے جبکہ دوپہر کا کھانا ناشتے سے کم اور رات کا کھانا دوپہر کے کھانے سے کم اپنانا ہوگا۔