پاکستان سٹاک ایکسچینج

پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے سے متعلق تفتیش میں اہم پیشرفت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے سے متعلق تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، حملے کا ماسٹر مائنڈ لائیو کیمرہ کے ذریعے دہشت گردوں سے رابطے میں رہا۔

تفتیشی حکام کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے سے متعلق تفتیش میں سامنے آنے والی اہم پیشرفت کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے کیمرہ بھی برآمد ہوا ہے۔تفتیشی حکام نے بتایاکہ حملے کا ماسٹر مائنڈ لائیو کیمرہ کے ذریعے حملے کے وقت دہشت گردوں سے رابطے میں رہا۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں سے ملے موبائل فون سے بھی اہم معلومات حاصل کرلی گئی ہیں۔تفتیشی حکام کے مطابق ایک دہشت گرد حملے کے چند سیکنڈ بعد ہی سب انسپکٹر کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔چاروں دہشتگرد بلوچستان کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے، 2 دہشتگرد کیچ، ایک ہوشاب اور ایک دہشتگرد پنجگور کا رہائشی تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے ملزمان کے موبائل فونز سے مزید ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ،ذرائع کے مطابق موبائل فونز سے ملنے والے ڈیٹا میں حملہ آور کراچی میں رابطے میں تھے ، حملہ آور کوئٹہ سے مسلسل کراچی میں ایک نمبر پر رابطے میں تھے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور جس نمبر سے رابطے میں رہے وہ ڈسٹرک سینٹرل کے مختلف علاقوں میں استعمال ہوا ہے، حملہ آوروں کے پہلے سے کراچی میں رابطے کی مختلف شواہد ملے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ حملہ آوروں کے قبضے سے اسمارٹ فون سمیت دو موبائل فونز ملے تھے ،دونوں موبائل فونز کی فرانسک کرائی گئی ہے، اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔