اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی حکومت نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی ،منی لانڈرنگ کے کیسز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم لندن کے حامیوں کا کراچی میں اثرورسوخ اب بھی موجود ہے جس سے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے کیسز پر اثر انداز ہونے کا شبہ ہے،وزارت داخلہ نے الطاف حسین کے خلاف جاری اہم نوعیت کے کیسز کو کراچی سے اسلام آباد منتقلی کیلئے وفاقی کابینہ کو سمری بھجوائی تھی ،
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دیدی ہے ،وزارت داخلہ نے یہ اقدام تحقیقاتی افسروں ، گواہوں کی جان کو خطرات کے پیش نظر اٹھایا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ الطاف حسین کے خلاف جاری کیسز کراچی سے اسلام آباد منتقلی کیلئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی منظوری بھی ایک قانونی تقاضا ہے جس کے لئے قانون و انصاف ڈویژن کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے کہ اس حوالے سے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرے ،
ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد الطاف حسین کیخلاف اہم نوعیت کے کیس اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلے گا ،ذرائع نے بتایا کہ اس اقدام سے تحقیقات کو جلد مکمل کرنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ تحقیقات کیلئے برطانیہ اور کینیڈا سے رابطہ کی صورت میں ہائی کمیشن، دفتر خارجہ،انٹر پول کے دفاتر اسلام آباد میں موجود ہیں