لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رندنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کیلئے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے۔
بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہو گی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اوکاڑہ میں میر چاکراعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں اور بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میر چاکراعظم رند کے تاریخی مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ مقبرے کے ساتھ بنائی ہوئی دیوار کو ہٹا کر احاطہ کو وسیع کیا جائے گا۔ مقبرہ میر چاکراعظم کی دیواروں اور بنیادوں کو محفوظ کیا جائے گا۔
میر چاکر اعظم رند کے تاریخی مقبرے کے ساتھ ریسٹ ہاوس اور میوزیم بنایا جائے گا ۔ مقبرے سے ملحقہ سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی و مرمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے نواح میں ست گرہ کو سٹیٹ آف دی آرٹ سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔ ست گرہ قلعہ ،مچلز فارم اورسرگنگا رام کا بنایا ہوا ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہو گا۔ تاریخی حیثیت کو بحال رکھنا آثارقدیمہ کی حفاظت کا اولین تقاضا ہے۔
ست گرہ گاوں میں رابطہ سڑکیں اور سیوریج سسٹم بنایا جا رہا ہے اور اس اقدام سے بلوچ بہن بھائیوں کو خیر سگالی کا پیغام دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ حکومت پنجاب بلوچستان میں کارڈیالوجی ہسپتال ، ریسکیو1122 اور دیگر منصوبے مکمل کرے گی۔
بلوچستان میں پراجیکٹس کے آغاز سے تکمیل تک ہر مرحلے میں بھرپور معاونت کریں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں میر چاکراعظم رند ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کا دل ہر پاکستانی کے لئے دھڑکتا ہے۔ پنجاب بڑے بھائی کے طور پر بلوچستان سمیت ہر صوبے سے محبت کا بھرپور حق ادا کر رہا ہے ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچ قبیلے کے لئے معتبر مقبرے کی بحالی پر حکومت پنجاب اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ عثمان بزدار نے مقبرہ چاکر اعظم کی بحالی پر توجہ دے کر دل جیت لئے ہیں۔
پنجاب کی تاریخ میں میر چاکر اعظم رند کا اپنا مقام ہے۔ عثمان بزدار نے دو قوموں کو نزدیک لانے کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی خدمات صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے بہت بڑا سرمایہ ثابت ہو ں گی۔
پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت قبول کر لی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کو مقبرہ میر چاکر اعظم رند کی تصاویر کا تحفہ پیش کیا۔ سردار یار محمد رند کو اوکاڑہ میں میر چاکر اعظم رند کے تاریخی مقبرے کی بحالی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
والڈسٹی لاہور اتھارٹی کے ڈی جی کامران لاشاری نے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی بحالی کے مختلف مراحل سے آگا ہ کیا۔ صوبائی وزراءمراد راس،یاسر ہمایوں ، ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری، وزیر اعلی کے سیکرٹری کوارڈینیشن ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔